مظفرآباد(این این آئی) آزاد کشمیر کو پاکستان میں کسی صورت ضم نہیں ہونے دینگے۔ ریاست کی آزادی کا مطالبہ مذہبی بنیادوں پر نہیں بلکہ قومی آزادی کی جہدوجہد ہی آزادی سے ہمکنار کر سکتی ہے گزشتہ روز مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاشف احمد نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کو پاکستان میں کسی صورت ضم نہیں ہونے دینگے۔
پاکستان آزاد کشمیر کو صوبے کی حیثیت سے بھی قبول نہیں کرتا بلکہ وہ مکمل شناخت ختم کر کہ کچھ حصوں کو پنجاب اور کچھ حصوں کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنا چاہتا ہے جس سے شناخت مکمل خطرے میں ہے۔ یو کے پی این پی کے نوجوان رہنماء نے کہا کہ ہمارے حکمران طبقے اور یہاں حکومت کرنے والی جماعتوں کی ناقابل تلافی غلطی ہے کہ وہ آج تک اپنی حکومت کو بااختیار نہیں بنا سکے۔ نمائندہ حکومت کو تسلیم کروانے میں ناکام ہیں کیونکہ لینٹ افسران کی بادشاہت اور اقتدار کی خواہش نے انہیں ایسے انقلابی اقدامات سے دور رکھا۔ لیکن اب وقت آ چکا ہے کہ ہم متحدہو جائیں آزاد کشمیر کو پاکستان میں ضم کرنے کی سازش کے خلاف اپنی شناخت اور انسانی بنیادی حقوق کے لیے اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہمیں اجتماعی مفادات کے لیے فیصلہ کرناہو گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو پاکستان میں ضم ھونے سے ہمیں بچانا ہو گا اور اس نازک وقت میں سیاسی اختلافات کے بجائے اجتماعی مفادات کو فوقیت دیکر اپنی شناخت کو قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی بنیادوں پر ریاست کی آزادی کا مطالبہ کرنا ریاست کے ٹکڑے کرنے پر منتج ھو گا۔ ہمیں اپنی توجہ قومی آزادی کی جہدوجہد پر مرکوز کرنا ہو گی صرف قومی آزادی کی جہدوجہد ہی وہ واحد حل ہے جو ہمیں آزادی سے ہمکنار کروا سکتا ہے۔