ہنگو(این این آئی)اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخواہ اسمبلی و سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ موجودہ حکومت نے ناقص پالیسیوں سے ملک کی بنیادوں میں پانی بہا کر ملک کو کمزوز کیا۔ مہنگائی، غربت، بیروزگاری سے عاجز آکر عوام کی چیخ و پکار اب بدعاوں میں بدل چکی ہے۔ جے یو آئی حقیقی معنوں میں عوامی حقوق کی نمائندگی کا فرض نبھا رہی ہے۔
ہنگو میڈیا سے خصوصی نشست کے دوران ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنے اور حکومتی امور چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے وزراء کو لگانے، نکالنے اور اتحادیوں کو منانے میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم اور چور دروازوں سے اقتدار کے حامل حکمران عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں۔اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دیگر سیاسی جماعتوں کا جو مذاق اڑایا وہ آج خود ہی بھگت رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ کی اگر شفاف تحقیقات ہوئیں تو پی ٹی آئی حکومت کا کرپٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ترقیاتی منصوبے حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کی اپنی سیاسی مجبوریاں ہو سکتی ہے مگر موجودہ کرپٹ حکومت سے نجات کے لئے عوامی مفادات کے تحفظ کے تناظر میں تمام تر اپوزیشن جماعتیں متحد ہے۔اکرم خان درانی نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے اور تحریک انصاف کی موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں شروع ہونے والی نئی تحریک کرپٹ حکومت کے خاتمے کا ذریعہ ثابت ہوگی۔