اسلام آباد (این این آئی)مدارس کی رجسٹریشن کاعمل مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا اس حوالے سے حکومت نے قومی اسمبلی کو آگاہ کر دیا۔ جمعرات کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایاکہ مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع کردیا جائے گا، مدارس کی رجسٹریشن کے لیے فارمز کی پرنٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہاکہمدارس رجسٹریشن فارمز وزارت تعلیم و تربیت اور اتحاد تنظیمات المدارس پاکستان کی رضامندی سے تیار کیے گئے ہیں۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے
بتایاکہ وزارت فنانس کو معاملہ بھیجا ہے کہ سکولوں میں بسوں کی فراہمی اور عملے کے لئے بجٹ کی منظوری دے، ہم تعلیمی اداروں میں بسوں کی فراہمی اور سکولوں کے انفراسٹرکچر پر بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔شفقت محمود نے کہاکہ اساتذہ کی تربیت کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں، اس مرتبہ مرمتی کاموں کیلئے 12 کروڑ مانگے لیکن وہ بھی نہ ملے ، اسلام آباد کے سکولوں کا سروے کرایا ہے جس میں 80 کروڑ کا مرمتی پلان بنایا ہے۔انہوںنے کہاکہ برٹش کونسل کے ساتھ ٹیچرز کی ٹریننگ کا معاہدہ کر رہے ہیں۔