اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آٹا اور چینی چوری کی انکوائری رپورٹ پارلیمان میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب آٹے، چینی کی چوری، قیمتوں میں اضافے و قلت کی رپورٹ اور حقائق عوام کے سامنے کیوں نہیں لائے جا رہے؟ ۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران مافیا انکوائری رپورٹ کے حقائق چھپا رہا ہے ،
عمران مافیا چور اور کرپٹ ہے اِس لئے رپورٹ عوام کے سامنے نہیں لائی جا رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران مافیا کو پتہ ہونا چاہئے کہ اْن کی چوری اور کرپشن کا عوام کو پتہ چل چکا ہے ،عوام کو بتایا جائے، کیا عمران مافیا نے انکوائری میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی تلاشی لی؟ ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو بتایا جائے کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی مِلوں سے کتنی چینی اور آٹا برآمد ہوا ؟۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو بتایا جائے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار نے پہلے سبسڈی لے کر کتنی چینی برآمد کی؟ منافع خوری کے لئے چینی کی کتنی ذخیرہ اندوزی کی ؟ ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو بتایا جائے عمران مافیا نے اٹھارہ ماہ میں چینی وگندم کی قلت پیدا کر کے اور قیمت بڑھا کر کتنا ناجائز منافع کمایا؟ ۔انہوںنے کہاکہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں میں چینی و آٹے کا ذخیرہ ہے اِس لئے چینی کی درآمد پر پابندی لگائی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو بتایا جائے کہ اے ٹی ایم اور بنی گالہ کا خرچ اْٹھانے والے اور لینڈ کروزر خرید کر دینے والے کو عوام کے 51ارب کیوں دیے ہیں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ عمران مافیا نے صحیح کہا، آپ کی قیادت میں پاکستان خطے میں کرپشن، چوری، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں لیڈ کرے گا۔