اسلام آباد (این این آئی)معاون خصوصی احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ عدالت نے بلاول بھٹو کو بے قصور نہیں کہا، بلاول بھٹو گمراہ کرتے ہیں کہ جائیداد کی خریداری کے وقت وہ چار سال کے تھے، 2011 میں خریدی گئی جائیداد کے کیس میں بلاول کو بلایاگیا،
کاش بلاول بھٹو نے کچھ تعلیم پاکستان میں حاصل کی ہوتی۔معاون خصوصی احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے میڈیا سے گفتگو میں بلاول کے بیان کا تنقید جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کو کسی نے بے گناہ نہیں کہا تھا، عدالت نے معصوم کہا تھا یہ بات شیخ رشید روز کہتے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کا پیرا23 تھا کہ بلاول کو نیب میں پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں چیف جسٹس نے کہا میں بے گناہ ہوں، پہلے ایک صاحب کہتے تھے مجھے کیوں نکالا ، اب ایک صاحب کہتے ہیں، مجھے کیوں بلایا۔معاون خصوصی نے کہا کہ قانون سے کوئی مبرا نہیں آپ کو بلایا جاتا ہے تو جواب دینا ہوگا، بلاول بھٹو کو کہیں سے کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ملا کہ انہیں ہاتھ نہیں لگایا جاسکتا۔