اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی و اقلیتی امور نے حج کے حوالے مطلوبہ معلومات ذیلی کمیٹی کو فراہم نہ کرنے اور حج کے دوران کرایوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا پی آئی اے اپنے سارے خسارے حج کے دنوں میں پورے کرے گا؟۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی صدارت میں ہوا جس میں وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، سینیٹر راجہ ظفرالحق، سینیٹر کشور بائی، سینیٹر عابدہ محمد، سینیٹر فدا محمد سمیت متعلقہ اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں سینیٹر فدا محد
نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر عمرہ زائرین کو روکنے کا معاملہ اٹھایا جس پر وزارت مذہبی امور نے جواب دیا کہ اگر 40 سال سے کم عمر شخص خاتون محرم کے طور پر یا اہلِ خانہ کے ساتھ نہ ہو تو سعودی سفارت خانہ عمرہ ویزہ جاری نہیں کرتا تاہم اسلام آباد امیگریشن حکام کی جانب سے روکے جانے والے 2 افراد کے معاملے کی جانچ پڑتال کی ضرورت ہے۔جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے متعلقہ حکام کو اگلے اجلاس میں تفصیلات پیش کرنے کے احکامات جاری کیے، قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں حج پالیسی 2020 پر بحث کی گئی۔