اسلام آباد(آن لائن) سرکاری لنگرخانے تک سیلانی فاؤنڈیشن سے کھانا پہنچانا اہلکاروں کی جیب پر بوجھ بن گیا۔سیلانی فاؤنڈیشن ایف ٹن سے ترامڑی اور بھارہ کہو لنگر پہنچانے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی ہے اور کھانے لیجانے والی گاڑی کا کرایہ اہلکاروں کو خود ادا کرنا پڑتا ہے۔
ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین نے ضلعی افسران کے سامنے اپنا دکھ بیان کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف ٹن سے ترامڑی اوربھارہ کہو تک کھانا پہنچانے کا کرایہ900روپے ہے جو کہ کھانا لیجانے والے کو اپنی جیب سے ادا کرنا پڑتا ہے۔آن لائن کو سرکاری ملازمین نے بتایا ہے کہ ہمارے ساتھ اس کارِخیر کی وجہ سے بہت ظلم ہورہا ہے،ہماری اتنی زیادہ تنخواہ نہں ی ہے کہ ہم اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر اس لنگرخانے پر لگا دیں۔اس سلسلے میں وزیراعظم سیٹزن پورٹل پر بھی شکایت درج کروانے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ سیلانی فاؤنڈیشن جی نائن پشاور موڑ پر لنگرخود پہنچاتی ہے جبکہ سبزی منڈی والے لنگرخانے تک کھانا کبھی سیلانی فاؤنڈیشن والے پہنچاتے ہیں اور کبھی مارکیٹ کمیٹی والے خود آکر لیجاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ملازمین نے وزیرداخلہ کو بھی ایک گمنام خط کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔