کھڈیاں خاص(این این آئی)ایف آئی اے سائبرکرائم لاہورنے گلوکاروقوال افتخارعلی عرف جوجی علی خان اور جعلی صحافی اصباح بیگ کو بلیک میلنگ اور سائبرکرائم ایکٹ میں گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جوجی علی خان جعلی صحافیوں، اصباح بیگ اور قاضی طارق کے ساتھ مل کر اوورسیزپاکستانی حسن ابرار کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت خبریں بنا کر بلیک میل کرتے تھے ۔
خبریں روکنے کی مدمیں 50 کروڑ روپے کا مطالبہ کرتے تھے۔ذرائع کے مطابق اس گھناؤنے کھیل کی ماسٹر مائینڈ اصباح بیگ نے جوجی علی خان اورجعلی صحافی قاضی طارق کیساتھ مل کر کروڑپتی بننے کی منصوبہ بندی کی اور اوورسیزپاکستانی حسن ابرار کو صحافی بن کر جھوٹی اور من گھڑت خبریں بناکر وٹس ایپ کیں اور فون کالز پر خبریں روکنے اور وائرل نہ کرنیکی مد میں (50)پچاس کروڑ کا مطالبہ کیا، بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ تین ماہ سے جاری تھا، اوورسیز پاکستانی کو پچاس کروڑ کا مطالبہ دبئی فون کالز کرکے بھی کیا گیا۔ اوورسیز پاکستانی نے فون کالز ریکارڈ کیں اور وٹس ایپ میسجیز کے ہمراہ پاکستان آکر ایف آئی اے سائبرکرائم میں شکایت درج کروائی جس پر کاروائی کرتے ہوئے سنگر/قوال جوجی علی خان اور جعلی صحافی اصباح بیگ کوگزشتہ شب گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں کو آج ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔اس سلسلے میں جب جوجی علی خان کا موقف لینے کے لیئے انہیں کال کی گئی تو ان کا موبائل آف ملا۔