اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اراکین پارلیمنٹ نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے مظاہرے میں اراکین پارلیمنٹ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ،مظاہرین حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت لیگی رہنما رانا تنویر حسین نے کی۔رانا تنویر نے کہاکہ وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوں،نئے انتخابات کرائے جائیں۔
انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ہمیشہ کی طرح اپنے قریبی ساتھیوں کو بچائے گا،وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی تحقیقات کروائی ہے،تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہو گئی ہے،رپورٹ کا پبلک کیا جائے اور پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے،احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کا استحصال کررہی ہے ،حکمران اب زیادہ وقت نہیں نکال سکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حمزہ شہباز کی ضمانت مسترد ہوئی ہے ،ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے اور انصاف ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ اگر ہمارے احتجاج کا نتیجہ نہ نکلا تو تحریک گلیوں تک پہنچ سکتی ہے ،ہم سینٹ اور اسمبلی میں بھی مطالبہ کریں گے کہ تحقیقاتی رپورٹ شائع کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ پتہ چلے کہ وزیراعظم کی پناہ میں کون کون سے لوگ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف علالت کے باعث باہر ہیں ،ان کا آپریشن ہو جائے تو وہ واپس آجائیں گے۔