راولپنڈی (آن لائن)مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے مبینہ آمرانہ رویئے کے خلاف مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے یورپ اور عرب ممالک سمیت پاکستان بھر کے صوبائی عہدیداروں نے اپنے عہدوں سے استعفوں کا اعلان کر دیا اس مقصد کے لئے یوتھ ونگ پنجاب، سندھ،بلوچستان ،خیبرپختونخوا ہ اورآزاد کشمیرکے علاوہ یورپ، برطانیہ،سعودی عرب اوردبئی کے عہدیداروں نے
اپنے استعفے مرکزی اور صوبائی قیادت کو ارسال کردیئے ہیںاستعفوں میں مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی طرف سے یوتھ ونگ اورمسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن سے متعلق بغیر پارٹی مشاورت اور پارٹی آئین میں تبدیلی کئے بغیر جاری نوٹیفکیشن کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے استعفوں کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے استعفوں میں کہا گیا ہے کہاس اقدام سے پارٹی کارکنوں کا نہ صرف مورال گرا ہے بلکہ اُنکا استحصال بھی ہوا ہے ذرائع کے مطابق کارکن اور عہدیداران سب سے بڑھ کراس بات پر شکوہ کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن ایک جمہوری جماعت ہے ایسی پارٹی کا سیکریٹری جنرل کس طرح پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت کی باضابطہ اجازت اور آئین میں ترمیم کئے بغیر محض سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفیکیشن جاری کرکے پارٹی کو 2 اہم ترین تنظیموں یوتھ ونگ اور سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں جبکہ سٹوڈنٹ فیڈریشنز کا کیس پہلے ہی عدالت میں زیر سماعت ہے ان حالات کے پیش نظر تمام عہدیداران نے احسن اقبال کے رویئے کے خلاف احتجاج مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور اپنے استعفے -180 H ماڈل ٹائون بھجوا دیئے ہیں۔