لاہور( این این آئی )احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کے ورانٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 24 فروری کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیرا گون ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت کی خواجہ سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت نے دوران سماعت جیل حکام سے پوچھا کہ خواجہ سعد رفیق کہاں ہیں جس پر جیل حکام نے بتایا کہ سعد رفیق اسلام آباد قومی اسمبلی کے سیشن میں مصروف ہیں۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ قیصر امین بٹ کہاں ہیں ان کا بیان قلمبند کرنا ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر آصف ممتاز نے جواب دیا وہ بیمار ہیں ان کی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں۔ عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے قیصر امین بٹ کے ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عزیز بھٹی ٹائون سے پیراگون ہاسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ نیب کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24فروری تک ملتوی کر دی۔