کراچی(نیوز ڈیسک) ایدھی فاؤنڈیشن نے چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کے لیے وزارت خارجہ سے اجازت طلب کرلی ہے۔وفاقی وزیربرائے خارجہ شاہ محمود قریشی کے نام ایک خط میں ایدھی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ ادارے کا نمائندہ طلبہ سے رابطے میں ہے اور چین میں پھنسے ہوئے طلبہ ذہنی طور پر پریشان اور اضطراب میں ہیں۔خط میں کہاگیاہے کہ طلبہ کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے اور ان میں سے اکثریت طلبہ کی ایسی ہے جو وائرس سے متاثر نہیں ہوئے ہیں اور ہم انہیں بچا سکتے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امریکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی اور بھارت سمیت دیگر ممالک نے بھی ووہان سے اپنے شہریوں کو واپس بلالیا ہے۔فیصل ایدھی نے مذکورہ ممالک کی مثال دیتے ہوئے وزارت خارجہ سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی طلبہ کو پاکستان واپس لانے کی اجازت دی جائے اور وائرس ختم ہونے تک طلبہ کو قرنطینہ کرنے کے لیے جگہ بھی بتادیاجائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ اجازت ملتے ہی طلبہ کو پاکستان واپس لانے کے لیے پروازوں کے انتظامات کے لیے فاؤنڈیشن ایئرلائن سے رابطہ کرے گی۔