لاہور(این این آئی) وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کی زیر صدارت مری امپروومنٹ ٹرسٹ کا اجلاس منعقد ہوا – جس میں مری میں تعمیرات، واٹر سپلائی، ٹریفک اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے-میاں محمود الرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری واٹر سپلائی سکیم کو پنجا ب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا -مری میں پانی کی
وافر فراہمی یقینی بنائی جائے گی – انہو ںنے کہاکہ مری میںہفتے کے اختتام اور دیگر باقی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی گاڑیوں کی زیادہ آمد ورفت کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیداہوتے ہیں جس کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے جھیکا گلی کے قریب پارکنگ ایریا قائم کیا جائے گا -انہوں نے کہا کہ مری کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے- مری میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے مہم شروع کی جائے گی- اجلاس کے دوران مری امپروومنٹ ٹرسٹ سکیم میں قانونی تعمیرات کیلئے نقشوں کی منظوری کا فیصلہ کیاگیا- میاں محمود الرشید نے ہدایت کی کہ زیر التواء نقشوں کوجلد از جلد منظور کیا مزید برآں مری امپروومنٹ ٹرسٹ کے تحت ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور مری امپروومنٹ ٹرسٹ سکیم کی باؤنڈری وال جلد مکمل کی جائے-میاں محمود الرشیدنے کہا کہ منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کی بر وقت تکمیل یقینی بنائیں – اجلاس میںرکن پنجا ب اسمبلی لطافت ستی، اے سی مری زاہد حسین اور دیگر حکام شریک تھے۔