لاہور( این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار لندن میں پناہ لے کر بیٹھے ہیں اور شریف خاندان اوراسحاق ڈار سے زیادہ پناہ گاہ کی اہمیت کا کس کو احساس ہوگا ،اپوزیشن کو صرف یہ تکلیف ہے کہ عمران خان غریبوں کا کیوں سوچ رہا ہے۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اگر لندن میں بیروزگاری الائونس دیا جاتا ہے تو کیا روزگار نہیں دیا جاسکتا، پناہ گاہ دوسرے شہروں سے آنے والے غریب طبقات کے لئے قائم کی گئی ہیںانہوں نے کہا کہ روپے کی قدرگرنے کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا اور مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کہہ چکے ہیں روپے کی قدرمصنوعی رکھی گئی، اسحاق ڈار نے روپے کی قدر گرنے نہیں دی اس لیے نقصان ہوا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 ارب روپے یوٹیلٹی اسٹورز کو سبسڈی کی مد میں دیا گیا ہے، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں شروع ہوگئی ہیں، حکومتی اقدامات کے ثمرات آئندہ چند ماہ میں نظرآئیں گے۔