کراچی(این این آئی) وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے بیرون ملک سے تمام اقسام کے گوشت، جانوروں اور پرندوں کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا
اور تاحکم ثانی جانوروں،پرندوں اورگوشت کی درآمد کی اجازت نہیں ہوگی۔نوٹی فکیشن کے مطابق جانوروں،پرندوں اورگوشت کی درآمد سے ملک میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔وزارت تجارت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اینیمل کوارنٹائن ڈپارٹمنٹ کو بھی خط لکھ دیاہے، جس میں ہدایت کی ہے کہ درآمد پر پابندی کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چین سے پولٹری فیڈ، دودھ، گوشت اور دیگر اشیاء امپورٹ نہیں ہوں گی، ملک بھر میں فوری طور پر پابندی کا اطلاق کیا جائے گا، یہ فیصلہ کروناوائرس کی منتقلی کے پیش نظرکیاگیا۔خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی کے حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔دوسری جانب محکمہ کورنٹائن نے وزارتِ تجارت کے خط اور پابندی پر سوال اٹھائے اور کہا کہ سرکلر میں ابہام ہیں کیونکہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس گوشت کی درآمد پر پابندی ہوگی، اس ضمن میں وزارت سے وضاحت مانگی ہے، جس کے بعد اقدامات کیے جائیں گے۔