گلاسکو (این این آئی)برطانیہ نے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے 2035 کے بعد پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا اعلان کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اس پالیسی کا اعلان اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والی ماحولیاتی مسائل سے متعلق کانفرنس کے دوران کیا۔
بورس جانسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2020 ماحولیات کے حوالے سے عملی اقدام اٹھانے کے لیے اہم اور بنیادی سال ہے۔تقریب سے قبل اپنے ایک بیان میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی 2035 سے قبل بھی لگائی جاسکتی ہے۔برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2050 تک کاربن فری ملک کا ہدف ہمارے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ زمین کے تحفظ کے حوالے سے ہماری ذمہ داری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کانفرنس ناصرف برطانیہ بلکہ ساری دنیا کے ممالک کے لیے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔ہماری اس سے بڑی کوئی ذمہ داری نہیں کہ ہم اپنی دنیا کو بچائیں، اس مشن میں اپنا حصہ ڈالنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔