اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت رواں سال 3100 ارب سود کی مد میں قرض ادا کرے گی، ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز سٹیٹ بنک پاکستان نے 13.25فیصد شرح سود کو بدستور برقرار رکھا،حکومت اس سال 3100 ارب سود کی
مد میں قرض ادا کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور کے آخری سال میں ہم نے 1400 ارب ادا کئے تھے،پی ٹی آئی ہمارے دور کی نسبت 1700 ارب روپے زیادہ سود کی مد میں ادا کررہی ہے کیونکہ انہوں ے سود کی شرح بڑھا دی۔ انہوںنے کہاکہ یہ ہمارے مجموعی دفاعی بجٹ سے زیادہ رقم ہے، ایف بی آر کو اپنے ہدف میں 800 ارب خسارے کاسامنا ہے،ان وجوہات کے سبب تاریخی بجٹ خسارہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ترقیاتی بجٹ میں بہت زیادہ کٹوتی، ’بی آئی ایس پی‘اوربجلی پرسبسڈیز ختم کرنے کے باوجود یہ صورتحال ہے۔انہوںنے کہاکہ اتنی زیادہ شرح سود پر کوئی کاروبار ممکن نہیں ہوسکتا، بلند ترین شرح سود سے صرف بینک اور وہ غیرملکی فائدہ اٹھارہے ہیں جو ہماری بانڈ مارکیٹ کے عدم استحکام سے وقتی نفع کمارہے ہیں،جب یہ غیرملکی چلے گئے تو ہمارے روپے کی قدر کا کیا ہوگا؟ ،عمران صاحب معیشت کو انجکشن دیا ہے جس سے عوام کو ’دن میں تارے‘ نظرآنے لگے ہیں۔