اسلام آباد (این این آئی)پمز ہسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض کھانا کھانے کے بہانے غائب ہو گیا ہے۔ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نوجوان منہ ڈھانپے ہوئے ان کے پاس آیا تو اسے کورونا وائرس کا مشتبہ مریض سمجھ کر ایچ آئی وی کرٹسی سینٹر میں بٹھا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے آئیسولیشن وارڈ میں اسے منتقل کرنے کے انتظامات کر لیے،
اس کے نمونے لینے کے لیے قومی ادارہ صحت کی ٹیم بھی طلب کر لی گئی۔ڈاکٹر وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ نوجوان سے اس کی بیماری کی علامات کے متعلق بھی پوچھا گیا۔اس دوران نوجوان کھانا کھانے کے لیے چلا گیا اور واپس نہ آیا، اسے ہسپتال میں تلاش کیا گیا تو وہ غائب تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ مشتبہ نوجوان چین کے علاقے ووہان کی ایک جامعہ میں زیرتعلیم تھا۔