اسلام آ با د (نیوز ڈیسک)ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان کی اہلیہ کی جانب سے موٹرسائیکل سوار خاتون اور ان کی بیٹی پر مبینہ تشدد کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد وزیراعظم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو عہدے سے ہٹا دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون موٹرسائیکل سوار پر ہاتھ اٹھا رہی ہیں۔
بتایا گیا کہ یہ واقعہ ملتان میں پیش آیا، جہاں ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان خورشید کی اہلیہ زاہدہ خورشید نے اپنے بیٹے اور بہن کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر یہ تشدد کیا۔رپورٹس کے مطابق، میمونہ نامی خاتون اپنی بیٹی کو داماد کی موٹرسائیکل پر گھر چھوڑنے جا رہی تھیں کہ ان کی موٹرسائیکل زاہدہ خورشید کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد زاہدہ خورشید، ان کے بیٹے اور بہن نے میمونہ، ان کی بیٹی اور داماد پر مبینہ طور پر تشدد کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان خورشید کو فوری طور پر برطرف کرنے کے احکامات دیے اور ان کی برطرفی کی سفارش صدر مملکت کو ارسال کر دی۔