کراچی (این این آئی) ماہ ربیع الاوّل ١٤٤٧ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت زونل رؤیت ہلال کمیٹی کراچی کا اجلاس بمقام دفتر محکمہ موسمیات میٹ کمپلیکس مین یونیورسٹی روڈگلستان جوہرکراچی میں منعقد ہوا’ اجلاس میں وزرات مذہبی امور سے حافظ عبدالقدوس اور ڈاکٹر شاہد الرحمن نے جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات کراچی سے چیف میٹ امیر حیدر لغاری اور ڈاکٹر حسن علی بیگ، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان اوروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں، اجلاس میں مرکزی و زونل رؤیت ہلا ل کمیٹی کراچی کے جو اراکین شریک ہوئے جن میں مفتی فیصل احمد،مفتی علی اصغر عطاری، مفتی یوسف کشمیری،علامہ شبیر حسن میثمی،مولانا اسد زکریا قاسمی،حافظ محمد سلفی،قاری محمد اقبال،قاری نذیراحمد نعیمی،مولانا مفتی صابر حسین ودیگر علماء کرام میں مولانا ابراہیم بروہی،مفتی عطاء الرحمن قریشی،علامہ فیروز الدین رحمانی،قاری امیر بخش،مفتی شاہ محمد یوسف حفیظ قادری،قاری عتیق الرحمن،پروفیسر ظفراللہ جان،علامہ مرتضیٰ رحمانی،قاری آصف جلال پوری،مفتی منیر احمد طارق،حاجی غلام حسین وارثی شامل تھے، اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد،لاہور،پشاور، کوئٹہ میں منعقد ہوئے’
جس میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلودرہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا اور پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور عدم رؤیت رہی،لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ربیع الاوّل ١٤٤٧ھ26اگست2025ء بروزمنگل کو ہوگی اوران شاء اللہ 12ربیع الاوّل١٤٤٧ھ بمطابق6ستمبر 2025ء بروزہفتہ کو ہوگی، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت عطاء فرمائے،ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے آمین، اجلاس کے آخر میں آزادکشمیر،مانسہرہ،سوات اور بالخصوص بونیر میں حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت فرمائی اورمخیر حضرات سے اپیل کی کہ متاثرین سیلاب کی دل کھول کر امداد کریں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کا بھرپور ساتھ دیں،اورعالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام’ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔