اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پارلیمانی پارٹی اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، شیریں مزاری،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر اور چیف وہپ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سروسز ایکٹس میں ترامیم منظور کروانے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے چیف وہپ کو منگل کو تمام اراکین پارلیمنٹ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکومتی حکمت عملی طے کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا منگل کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا بھی امکان ہے،وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ذرائع نے بتایاکہ شاہ محمود قریشی نے جواد ظریف سے ہونے والی بات چیت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے گا۔