ڈسکہ (این این آئی) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کی 7 ویںبرسی (آج) منائی جائے گی۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملک بھر میں تعزیتی ریفرنس اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا۔ ملک و قوم اور جماعت اسلامی کیلئے خدمات پر مقررین قاضی حسین احمد کو
خراج عقیدت پیش کریں گے، قاضی حسین احمد 1938 ء میں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نو شہرہ میں پید ا ہوئے ،انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1970 ء میں جماعت اسلامی سے کیا۔ قاضی حسین احمد 1978 ء میں جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری اور 1987 ء میں مرکزی امیر منتخب ہوئے، وہ 2004 ء تک چار مرتبہ امیر جماعت اسلامی ، 1985ء اور 1992ء میں دو مرتبہ سینٹیر، 2002 ء کے انتخابات میں دو حلقوں سے رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے ۔ قاضی حسین احمد ایک بلند پایہ سیاستدان اور ممتاز عالم دین تھے انہوں نے ملکی سیاست میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی، انکی جماعت کا نعرہ ظالمو قاضی آرہا ہے ، بہت مقبول ہوا، قاضی حسین احمد 6 جنوری 2013 ء کو اسلام آباد میں دل کے عارضہ کے سبب انتقال کرگئے تھے۔