اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے اتوار کو زیریں خیبر پختونخوا، بلوچستان، جنوبی/وسطی پنجاب میں اکثرمقامات پرجبکہ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج سے شدید برفباری اور بارشوں کا امکان ہے
محکمہ موسمیات نے عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا، ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیربلوچستان کے پہاڑوں پر شدید برفباری اور بعض علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے اتوار کے روز بلوچستان کے شمالی اضلاع کوئٹہ، مستونگ، زیارت،قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی اور پشین کے پہاڑی اور نیم پہاڑی علاقوں میں بارش /برفباری کا امکان ہے یہ سلسلہ پیر تک جاری رہیگا زیارت، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں اوسط 02 فٹ تک برفباری کا امکان ہے شدیدبرفباری کے باعث ان علاقوں میں معمولات زندگی اور ذرائع آمدورفت میں خلل کا اندیشہ ہے شدید بارش کے باعث) کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، چاغی، سبی، مستونگ اور بولان(کے اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ) اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محتاط اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ کراچی میں پیر سے سرد ہواؤں کانیا سلسلہ داخل ہوگا اور 6جنوری کی رات اور 7جنوری کی صبح ہلکی بارش کاامکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ پیر سے شہر میں سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا، جو 6سے 9 جنوری تک برقرار رہے گا جبکہ شہر میں 6جنوری کی رات اور 7جنوری کی صبح ہلکی بارش کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے24 گھنٹے کے دوران موسم خشک اوررات سرد رہنے کاامکان ہے،
ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل نے اتوار اور پیر کوکوئٹہ میں شدید بارش اور برف باری کی پیشنگوئی کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران اور عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں طارق مینگل نے تمام زون انچارج، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ،ایم ٹی (زون i-ii)، چیف فائیر آفسر،انچارج سکر مشین،انچار ج ایمرجنسی سیل کو اتوار اور پیر کو کوئٹہ میں شدید بارش اور برف باری کی پیشنگوئی کے بعد الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کے رپورٹ کے پیش نظر اپنے اپنے زون اور علاقوں میں بمعہ عملہ ہائی الرٹ رہیں اور بارش کے دوران نکاسی آب اور صفائی کی صورتحال کی برقراری کو یقینی بنائیے اور بند نالوں کو کھولنے پر خصوصی توجہ دیں۔