اسلام آباد(این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس(ر)جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب کے انٹیلی جنس ونگ نے نیب کا جعلی ڈی جی بن کر بڑے پیمانے پر عوام الناس کو لوٹنے کے الزام میں ملزم محمد ندیم ولد مختار احمد خان عباسی سکنہ حاصل پور ضلع بہاولپور کو قانونی کاروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوانی عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کے لئے نیب کی انٹی کرپشن حکمت عملی کا اعلان کیا تھا اس پر نہ صرف نیب سختی سے عمل پیرا ہے بلکہ اب تک تقریباََ27 ماہ میں 9 ایسے افراد کو گرفتا رکیا ہے جو نیب کا نام استعمال کرکے نیب کے جعلی افسران بن کر عوام الناس کو لوٹنے میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔چیئر مین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیب کے انٹیلی جنس ونگ کو سخت ہدایات جاری کی تھیں کہ نیب کا نام استعمال کرکے نیب کے جعلی افسر بن کر عوام الناس کو لوٹنے والے عناصر کو قانون کے مطابق پولیس کے حوالے کیا جائے تا کہ ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ چیئر مین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نیب کے انٹیلی جنس ونگ نے اب تک 9 نیب کے جعلی افسرپولیس کے حوالے کئے ہیں۔