راولپنڈی (این این آئی) صدر پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب قاضی شفیق نے کہاہے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی، پالیسیاں مایوس کن ہیں، ووٹ دینے پر شرمندہ ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بیمار اسیر محمد سلطان کو ہسپتال میں بھی زنجیروں میں جکڑنا غیر انسانی ہے، میدان میں نکل چکے ہیں، پنجاب حکومت ہمارے کیخلاف جھوٹی ایف آئی آرختم کرے، حکومتی رہنماء حریم شاہ میں پھنسے ہیں اور اپنا دفاع کررہے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، ملک طاہر ج جاوید،غلام علی خان و دیگر نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے بیمار اسیر محمد سلطان کو ہسپتال میں بھی زنجیروں میں جکڑنا غیر انسانی ہے، تحریک انصاف حکومت کی کارکردگی اور پالیسیاں انتہائی مایوس کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال حکومت کو ہوگیا لیکن افسوس سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کو انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان پہ جھوٹی ایف آئی آرز کروائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں (ن) لیگ حکومت نے دہشت گردی کی جھوٹی دفعات لگائیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ماڈل ٹاؤن کی بنیاد پہ الیکشن لڑا بعدازاں عمران خان نے سانحہ کا ذکر ہی نہیں کیا،ہمارے احتجاج پر قیدی محمد سلطان کو برین ٹیومر کے علاج کیلئے بھکر جیل سے ملتان لے جایا گیا۔انہوں نے کہا کہ انتہائی بیمار قیدی کو ہتھکڑیاں لگا کر ہسپتال میں رکھا گیا،انسانیت کی تذلیل کی گئی اور چھوٹے اور بڑے آدمی کے دہرے معیار کو اپنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بیمار قیدی کی تصویر سوشل میڈیا پر آئی تو عوام جاگ گئی مگر حکومت سوئی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں نکل چکے ہیں پنجاب حکومت کو بتانا چاہتے ہیں ہماری جھوٹی ایف آئی آر ختم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو باہر بھیج دیا گیا اور عہدوں پر برقرار رکھا گیا،ہمیں افسوس ہورہا ہے کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری سمیت کئی امیدواروں کو پاکستان عوامی تحریک کے ووٹوں سے سیٹیں ملیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی رہنماء حریم شاہ میں پھنسے ہوئے ہیں اور دفاع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جلد احتجاج کریں گے اور پی ٹی آئی کو ووٹ دینے پہ شرمندہ ہیں۔