پشاور(این این آئی) پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نے پشاور بی آر ٹی کی تحقیقات کیلئے ماہر فراہم کرنے سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے بی آر ٹی ٹھیکے کو رولز کے مطابق دینے کی جانچ پڑتال کیلئے پیپرا سے ماہر مانگا تھا تاہم پیپرا نے ماہر کی خدمات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ پیپرا کے پاس اسٹرکچرل انجینئرنگ کا ایک ماہر ہے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ٹھیکے کی شفافیت کی جانچ پڑتال کسی اورادارے سے کروائی جائے گی
جس کے لیے وفاقی تحقیقات ادارے کو بھی ایک ادارے کی تلاش ہے۔ ڈائریکٹرجنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلویشن پیپرا انجینئر محمد زبیر نے بتایا کہ پیپرا آرڈیننس میں ترمیم اور رولز کو تبدیل کرنے میں مصروف ہیں، ایف آئی اے کا خط موصول ہوا ہے، انہیں آگاہ کردیا ہے کہ ادارے کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔انجینئر محمد زبیر نے کہا کہ بی آر ٹی انکوائری میں تعاون سے انکار نہیں کیا،ایف آئی اے کو کہا ہے کہ ریکارڈ فراہم کریں، ریگولیٹری پوزیشن 3 دن میں دے دیں گے۔