لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے دیہی ایمبولینس سروس کیلئے خصوصی گرانٹ کی منظوری دے دی اورکابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں دیہی ایمبولینس سروس کے لئے 90کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کافیصلہ کیا گیاہے-
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دیہات میں حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے کے لئے 450ایمبولینسوں کے لئے خود فنڈز فراہم کررہی ہے- خصوصی ایمبولینس سروس دیہات میں حاملہ خواتین کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور دیہی ایمبولینس سروس دیہات میں بسنے والی خواتین کا حق ہے-حاملہ خواتین کو گھروں سے گائنی ایمرجنسی تک پہنچانے کیلئے 24گھنٹے ایمبولینس سروس جاری ہے۔ پنجاب بھر میں روزانہ 1600اورماہانہ 50ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ دیہی ایمبولینس سروس کے ذریعے حاملہ خواتین کو بنیادی اوردیہی مراکز صحت سے تحصیل اورضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے ۔ ہیلپ لائن 1034پر کال کر کے ایمبولینس کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے- لیڈی ہیلتھ ورکر اورلیڈ ی ہیلتھ وزیٹر یا کمیونٹی ممبر1034پر کال کر کے ایمبولینس طلب کرسکتا ہے ۔کال ایجنٹ گوگل میپ کے ذریعے مریضہ کی لوکیشن اور ایڈریس کی نشاندہی کر کے ڈرائیورکو مطلع کرتے ہیں ۔رواں سال 9لاکھ37ہزار مریضوں /حاملہ خواتین کو ایمرجنسی ایمبولینس سروس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔