لندن (این این آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت بدستور ناساز ہے اور رپورٹس میں بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ ڈاکٹرز نے نوازشریف کی صحت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے،
نئے سال کی چھٹیوں کے بعد ہیماٹالوجی والوں سے ملاقات ہوگی۔حسین نواز نے کہا کہ ویڈیو اسکینڈل کی حقیقت سب لوگ جانتے ہیں اور ایف آئی اے ویڈیو اسکینڈل کے سلسلے میں کافی لوگوں کو گرفتار بھی کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے اقدامات نہ کرے کہ مزید خوار ہو، عمران خان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا۔حسین نواز نے کہا کہ عمران خان صاحب مزید شرمسار ہونے سے پہلے بہتر ہے کہ آپ حقیقت تسلیم کرلیں۔نواز شریف کے صاحبزادے نے کہا کہ بلند و بالا دعوے کرنے والے اب قانون کو اپنا راستہ لینے دیں جبکہ زیر سماعت عدالتی معاملات میں زیادہ چھیڑ چھاڑ مناسب نہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے لندن میں پارٹی رہنماؤں عابد شیر علی،مرتضیٰ جاوید عباسی اورصہیب بھرت نے ملاقات کرکے سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ آپ میری مزاج پرسی کیلئے لندن آئے جس پر آپ کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جمہوریت کی مضبوطی اور ترقی کیلئے جتناکام کیا آئندہ بھی عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ لیگی رہنماؤں نے کہا کہ میاں صاحب آپ جلد سے جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں اور ترقی کا رکا ہوا سفر دوبارہ جاری ہو۔