لاہور(این این آئی)محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت مختلف علاقوں میں دو ہفتے مزید کڑاکے کی سردی پڑنے کی پیشگوئی کر دی،پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بھی موسم سرماکی تعطیلات میں توسیع کئے جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بارش کی پیشگوئی ہے تاہم بارش کے بعد دھند کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا اور سردی بھی برقرار رہے گی۔اعدادوشمار کے مطابق لاہور کی سردی نے پچھلے سالوں کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ 2019 میں ماہ دسمبر کا درجہ حرارت اتار چڑھا ؤسے منفرد
ریکارڈ بنا چکا ہے۔اس سے قبل گزشتہ صدی 1910 میں درجہ حرارت منفی دو ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2002 اور 2019 میں درجہ حرارت 2 تک ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ سال جنوری میں درجہ حرارت گرنے کے امکان نہیں ہے۔ رواں ماہ دھند کے تسلسل اور سورج نہ نکلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہا۔علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق شدید سردی کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافے کا امکان ہے تاہم اس کا فیصلہ 5جنوری تک موسم کی شدت کو دیکھ کر کیا جائے گا۔