اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری کی پریس کانفرنس کاجواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاہے کہ نیب بلاتا ہے تو سانس پھولتی ہے، جب دوبارہ بلاتا ہے تو اور بھی زیادہ پھولتی ہے۔ ایک بیان میں مراد سعید نے کہاکہ کرپشن کے جواب کیلئے نوٹس آئے تو پریشانی ہوتی ہے اور جواب نہ ہو تو ٹانگیں کانپتی ہیں، محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی منانے سے بلاول کو پہلے کسی نے روکا کہ آئندہ روکیں گے، برسی کی آڑ میں احتساب سے فرار کی گنجائش ہے نہ اسکا
موقع ملے گا۔مراد سعید نے کہاکہ حادثاتی چیئرمین اپنے والد کا بویا کاٹ رہے ہیں، بلاول زرداری نے انکل نواز سے اداروں کو دھمکانے کا حربہ سیکھا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بلاول ہمیں دھمکیاں دینے کی بجائے والد گرامی سے سوال پوچھتے تو شاید یہ نوبت نہ آتی، اگلے سال انتخاب کے خواب ذہنی توازن میں خرابی کی نشانی ہے، بلاول اسے سنجیدگی سے لیں اور اچھے طبیب سے ملیں۔مراد سعید نے کہاکہ آئندہ انتخاب سندھ کی نجات کا وسیلہ بنے گا، حادثاتی چیئرمین کو اپنے ذمے سوالوں کاجواب دینا ہوگا۔