پشاور(این این آئی)خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ، صوابی اور سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ کوہاٹ، صوابی اور سوات میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ، زلزلے کی زمین میں گہرائی 38 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہاٹ سے3 کلو میٹرجنوب میں تھا، زلزلے کے باعث کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے گھروں سے باہر آگئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔