لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے مریم خاور کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی تقرری بحال کردی۔ ان کی تقرری کو سنگل بینچ نے غیر قانونی قرار دیا تھا اس فیصلے کو مریم خاور نے حافظ طارق نسیم ایڈووکیٹ کے توسط سے
چیلنج کیا تھا۔ حافظ طارق نسیم نے ڈویژن بینچ کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ کی تقرری پریس میں اشتہار کے بعد عمل میں لائی گئی تھی جس میں 30 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں اور 6 امیدوار شارٹ لسٹ ہوئے تھے۔ پانچ امیدوار سلیکشن بورڈ کے سامنے پیش ہوئے جن کا انٹرویو لیا گیا تھا اور ان کی موکلہ کو تمام امیدواروں میں بہترین قرار دیا گیا تھا۔ حافظ طارق نسیم نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ سلیکشن بورڈ نے ان تمام امیدواروں کے نام وزیر اعلیٰ کو بھیجے جنہوں نے آزادانہ طور پر سمری کی جانچ کی اور مریم خاور کو میرٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر آنے کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔ لہذا سنگل بنچ کا فیصلہ ریکارڈ اور حقائق کے منافی ہے۔ ڈویژن بینچ نے حافظ طارق نسیم کے دلائل تسلیم کرتے ہوئے سنگل بینچ کے آرڈر کو منسوخ کردیا۔