اسلام آباد(آن لائن) ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کردی،اس سے قبل ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ متعدد بار توسیع کے بعد16دسمبر مقرر تھی۔پیر کے روز چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ31دسمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔واضح رہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی مقررہ تاریخ30ستمبر سے متعدد بار توسیع کے بعد16 دسمبر تک بڑھائی گئی تھی،تاہم پاکستان ٹیکس بار ایسویس ایشن اور چیمبر آف کامرس
کی درخواستوں پر ایک بار پھر توسیع کرکے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مالی سال2018-19ء کے 30جون کو اختتام پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے لئے30ستمبر تک تین ماہ کا ابتدائی عرصہ دیا جاتا ہے،لیکن رواں سال اس عرصے کے دوران ایف بی آر کی جانب سے ریٹرن فارم میں تبدیلیوں کے باعث مطلوبہ فارم ویب سائٹ پر دستیاب ہی نہیں تھا،جس کے نتیجے میں تین ماہ کے دوران گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں ہوسکے تھے۔