کراچی (این این آئی)کراچی میں اغوا برائے تاوان کی واردات کا نشانہ بننے والی دعا منگی کے اغوا کاروں کے طریقہ واردات کا پتہ لگالیا گیاہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق دعا اور بسمہ کے اغوا اور رہائی کی وارداتوں میں بڑی حد تک مماثلت ہے،اغوا کار تاوان کی رقم وصول کرنے کیلئے پیڈسٹرین برج استعمال کرتے ہیں، دعا منگی کے اہل خانہ سے بھی کورنگی روڈ پر واقع پیڈسٹرین برج پر تاوان کی رقم لی گئی جبکہ ڈیفنس سے اغوا ہونے والی بسمہ کی رہائی کیلئے
بھی پیڈسٹرین برج پر تاوان لیا گیا تھا۔دوسری جانب تفتیش ذرائع کا کہنا ہے کہ دعا منگی کو جس جگہ رکھا گیا وہاں دن رات موسیقی چلائی جاتی تھی،اونچی آواز میں موسیقی چلنے کے باعث دعا کو اغوا کاروں کی آواز سنائی نہیں دیتی تھی جبکہ بسمہ کو اغوا کے بعد جہاں رکھا گیا وہاں بھی دن بھر موسیقی چلائی جاتی تھی۔ذرائع کے مطابق دعا منگی کے اہل خانہ سے کورنگی روڈ پر واقع پیڈیسٹیرپن پر تاوان کی رقم لی گئی۔ رات کے اندھیرے میں پیسے وصول کئے گئے۔