اسلام آباد( آن لائن )محکمہ موسمیات کے مطابق کل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جب کہ شمال مغربی بلوچستان،بالائی خبیرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں منگل صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ 18 تک
جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع نارووال ، سیالکوٹ ، گجرانوالہ، لاہور اور بہاولپور کے اضلاع میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے تاہم دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی سندھ میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے،بلوچستان میں کوئٹہ، پشین ، قلعی عبداللہ ، چاغی اور تربت کے اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔