اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹروے پر چھ سوسی سی موٹربائکس چلانے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیس میں 15 دسمبر تک ہر صورت عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دیدیا ۔ پیر کو جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے موٹروے پولیس کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ نظر آئے کہ موٹروے پر بائیکرز کو اجازت دے دی گئی۔انہوں نے کہاکہ عدالت نے بائیکس چلانے کی اجازت کا
جو حکم دیا اس پر مکمل عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ اتوار تک عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو آئی جی موٹروے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا۔ انہوں نے موٹر وے پولیس کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ آپ سمیت آئی جی موٹروے کوسزا دے کر گھر بھیج دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر یونیفارم کے لوگ بھی عدالتی حکم نہیں مانیں گے تویہ ٹھیک نہیں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹروے پر چھ سو سی سی موٹربائیکس چلانے کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔