اسلام آباد:(اے ایف بی)وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے اٹلی شمالی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے تیار ہوگیا ہے، سیاحتی ترقی سے ملکی معیشت میں 20ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی، اٹلی پاکستان میں سیاحتی شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگیا، زلفی بخاری سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر نے خصوصی ملاقات کی اور پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔اس موقع پر اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، اٹلی پاکستان میں سیاحتی منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔دریں اثنا زلفی بخاری نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ وزیر اعظم کے دل کے بہت قریب ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اور بڑے فیصلے کیے ہیں، برانڈ پاکستان کی تشکیل کا کام بھی جلد مکمل ہوجائے گا، سیاحتی ترقی سے ملکی معیشت میں 20ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اٹلی شمالی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیاں بڑھانے کی تیاری شروع کردے، کرتارپورکوریڈور پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی اہم کڑی ہے، کرتارپور کے اقدام سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے صوبوں کے ساتھ مل کر سیاحت پر کام تیز کرنے کا کہا، گندھارا تہذیب اور ثقافتی ورثہ بیرون ملک سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہے۔ کوریا، جاپان اور چین جیسے ممالک سے سیاح پاکستان آئیں گے۔