لاہور(این این آئی)انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز توسیع کرتے ہوئے 30نومبر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔منشیات برآمدگی کیس میں سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ کو انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسین کے روبرو پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت سے قبل عدالتی عملے کی جانب سے میڈیا نمائندوں کو عدالت سے باہر نکال دیا۔ عدالتی عملے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جج صاحب نے عدالت میں میڈیا کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ رانا ثنا اللہ
کے وکلا ء نے مقدمے کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کا ریکارڈ اور گواہوں کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔ جس پر عدالت نے کہا کہ تحریری طور پر آگاہ کریں کون سا ریکارڈ فراہم کر دیا گیا ہے۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج نے کیس کی کارروائی مکمل ہونے پر رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کے وکیل نے کہا کہ عدالت سے واقعہ کی فوٹیج فراہم کرنے کی استدعا کی ہے جس کا ذکر وزیرمملکت شہریار آفریدی نے کیا تھا۔