اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اگر عدالت سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے دیتی ہے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا،پاکستان میں سب کیلئے یکساں قانون ہے،نواز شریف کو جرمانہ حکومت نے نہیں عدالتوں نے کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے نواز شریف کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر کیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) لیگ معاملے کو طویل دے رہی ہے جس پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر گز یہ بیانیہ نہیں کہ ہم رقم ریکور کررہے ہیں، کل کو عدالتیں حکومت سے پوچھ سکتی ہیں ضمانت کیوں نہیں لی۔ انہوں نے کہاکہ مجرم اور ملزم کے حوالے سے ای سی ایل کے مختلف قوانین ہیں، مجرم کا نام ای سی ایل سے نہیں نکلا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی بیماری پر حکومت کوئی سیاست نہیں کررہی، ذاتی طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف خود بھی چاہتے ہیں کہ ضمانت دیں اور باہر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب کے لیے یکساں قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک مرتبہ جانے کی مشروط اجازت دی جس کا اسے اختیار تھا تاہم معاملے کو لمبا چوڑا کیا جارہا ہے یہ سب سیاسی طور پر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جرمانہ حکومت نے نہیں عدالتوں نے کیا ہے، حکومت نے بطور ضمانت اتنی رقم کا کہا جو عدالتوں نے جرمانہ لگایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیراعظم کی بیماری پر مسلم لیگ (ن) سیاست میں مصروف ہے اگر حکومت سیاست کرنا چاہتی تو جائیداد بطور ضمانت رکھواسکتے تھے۔