لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرمحمد شہباز شریف نے جاتی امراء میں اپنے بڑے بھائی محمد نواز شریف اور خاندان کے افراد سے ملاقات کر کے حکومت کی جانب سے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کی مشروط اجازت کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مریم نواز سمیت دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے بڑے بھائی نواز شریف کو نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے حکومتی شرائط سے تفصیلی آگاہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے حکومتی شرائط پر اظہار برہمی کرتے ہوئے حکومتی مشروط فیصلے کے بعد علاج کے لئے بیرون ملک جانے سے انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے افراد کی جانب سے نواز شریف سے علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہونے پر اصرار کیا جاتا رہا۔والدہ، بھائی اور بیٹی سمیت خاندان کے دیگر افراد نے نواز شریف کو منانے کی بھرپور کوشش کی۔ میڈیا رپورٹس میں نواز شریف کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ عدالت نے 8 ہفتوں کی ضمانت دی جس کے مچلکے جمع ہیں تو اب مزید کسی زر ضمانت کی ضرورت نہیں، ای سی ایل میں نام ڈالتے وقت تو حکومت نے اتنا تردد نہیں کیا تھا تو نام نکالنے میں اتنے جھنجٹ اور حیلے بہانے کیوں کئے جارہے ہیں۔مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ائیر ایمبولینس آج بدھ کے روز قطر سے پاکستان پہنچ جائے گی۔