لاہور(این این آئی)پلیٹ لیٹس کی تعداد انتہائی کم ہونے کی وجہ سے سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے،ڈاکٹروں کی جانب سے بیرون ملک ہوائی سفر کیلئے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لئے سٹیرائیڈز دئیے گئے، ائیر ایمبولینس بدھ کو پاکستان پہنچ جائے گی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا ان کی رہائشگاہ جاتی امراء میں علاج معالجہ جاری ہے۔ گزشتہ روز پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہونے کے ساتھ ان کا بلڈ پریشر اورشوگرزیادہ رہی۔ میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی مریم نواز سے تفصیلی مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کیلئے لندن میں ڈاکٹروں سے دوبارہ جمعرات کے دن کی اپوائنمنٹ لے لی گئی ہے جبکہ ائیر ایمبولینس بدھ کے روز قطر سے پاکستان پہنچ جائے گی۔ ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کو ہوائی سفر کے دوران ممکنہ پیش آنے والی مشکلات کے تدارک کے لئے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے نواز شریف کے سفر اوربیرون ملک علاج کے لئے قیام کے پیش نظر ان کے لئے تمام ضروری سامان کی پیکنگ کر لی ہے۔