لاہور (آن لائن) ملک کے عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے اقتصادی پالیسیاں تیار کرنیوالے وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ لاہور میں ٹماٹر 17 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنے کا دعویٰ کر کے خود پھنس گئے۔ انہوں نے مقامی صحافی کے سوال کے جواب دینے کی بجائے آئیں بائیں شائیں کیا اور چلے گئے۔ مشیر خزانہ کے دعوے پر صحافی نے سوال کیا تھا کہ 17 روپے کلو کے حساب سے ٹماٹر کس منڈی میں فروخت ہو رہے ہیں۔
کہیں وہ منڈی اسلام آباد میں تو نہیں جبکہ مشیر خزانہ کے دعوے کے برعکس صوبائی دارلحکومت لاہور میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی رہیں۔ مشیر خزانہ کے مہنگائی کے بارے میں لاعلم ہونے کی وجہ سے شہر میں ٹماٹر 250 روپے فی کلو، لہسن 350 روپے فی کلو، ادرک 300 روپے فی کلو، سبز مرچ 200 روپے فی کلو، گاجر 100 روپے فی کلو، آلو 100 روپے فی کلو اور دیگر سبزیاں بھی ڈیڑھ سو سے دو سو روپے میں فروخت ہوتی رہیں۔