اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور نادرا کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں کہ انتخابی فہرستوں کی ابتدائی اشاعت کے لیے تمام انتظامی امور جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار انتخابی فہرستوں کی اشاعت دسمبر کے پہلے ہفتہ میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے. اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز, ضلعی الیکشن کمشنرز / رجسٹریشن آفسران, نادرا اور متعلقہ دفاتر کو ضروری ہدایات
جاری کی ہیں. ابتدائی انتخابی فہرستوں کے معائنہ کے لیے ملک بھر میں 20000 سے زائد ڈسپلے سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں. جہاں ووٹ کے اندراج/ منتقلی کے لیے فارم جمع کروانے کی سہولت بھی ہوگی. اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلعی سطح پر ووٹرز آگاہی مہم بھی شروع کی جائے تاکہ رائے دہندگان کو ابتدائی انتخابی فہرستوں کی اشاعت اور اضلاع میں قائم ڈسپلے سینٹرز کے حوالے سے تمام ضروری معلومات فراہم کی جاسکیں۔