اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دھرنے کا ڈراپ سین، بارش اور سردی کی وجہ سے دھرنے کے شرکاء کی بڑی تعداد میں واپسی شروع، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بارش کی وجہ سے کیمپس میں پانی داخل ہو گیا ہے اور ان کے سونے کی جگہ کیچڑ میں بدل چکی ہے اور کھانے پینے کی اشیاء بھی بھیگ گئی ہیں،
آزادی مارچ کے شرکاء کے پاس سردی سے بچنے کے لیے نہ ہی کوئی محفوظ پناہ گاہ ہے اور نہ ہی کوئی موثر اقدامات، آزادی مارچ میں ہارٹ اٹیک کی وجہ سے تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جہاں یہ لوگ بیٹھے ہیں وہاں بارش کی وجہ سے انتہائی بری حالت ہے، محکمہ موسمیات نے ابھی مزید تین دن کے لیے بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب آزادی مارچ کے شرکاء سے پوچھا گیا کہ بارش کے بعد کیا انتظامیہ نے کوئی مدد کی تو انہوں نے کہا کہ کوئی مدد نہیں کی گئی، ہم لوگ بارش میں اسی طرح بیٹھے رہے، ایک شخص نے کہاکہ موسم کی وجہ سے یہاں لوگ بیمار ہو رہے ہیں، 31 تاریخ کے مقابلے میں شرکاء کی تعداد کافی کم ہو گئی ہے،کئی لوگ یہاں سے جا چکے ہیں، ایک شخص نے بتایا کہ بارش کے دوران کچھ لوگ میٹرو سٹیشن کے ایریے میں چلے گئے تھے اور باقی لوگوں مختلف ٹینٹوں میں اکٹھے ہو گئے تھے، انہوں نے کہا کہ مزید ٹینٹ آ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شرکاء کے ٹینٹ بھی پھٹ چکے ہیں اور اگر مزید بارش ہوتی ہے تو وہ شرکاء کو بارش سے نہیں بچا سکیں گے۔ واضح رہے کہ بارش کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہو جائے گا جو آزادی مارچ کے شرکاء کے لیے مشکل کا باعث بنے گا۔