کراچی(این این آئی) سمندری طوفان کی وجہ سے پانی کی سطح بڑھ گئی جس کی وجہ سے سمندری پانی ڈی ایچ اے گولف کلب اور کراچی بوٹ کلب میں داخل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے پانی کی سطح بڑھ گئی جس کی وجہ سے کراچی کے ساحلی پٹی زیر آب آگئی ڈی ایچ اے گولف کلب کورس کے ہول نمبر 6، 7اور8 میں پانی بھر آیا۔ڈی ایچ اے گولف کلب کے کیپٹن کرنل زاہد اقبال نے بتایاکہ 6سے 500میٹر کا حصہ زیر آب آیا ہے جو فی الحال کھیل کے قابل نہیں پہلی بار گولف میں پانی داخل ہوا ہے۔سندھ گولف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی خان
نے بتایاکہ سمندری پانی سے گولف کلب کی گراس بھی خراب ہوگی اور اس کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا پانی چلا بھی گیا تو نمکین پانی کی وجہ سے گراس بری طرح متاثر ہوگی، گولف کلب کے ساتھ ساتھ کراچی بوٹ کلب بھی زیر آب آگیا۔بوٹ کلب میں پانی پارکنگ ایریا تک داخل ہوگیا جس کا پانی نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ بوٹس کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندی طوفان سائیکلون کیار کے اثرات بدھ سے جمعہ تک رہیں گے، اس دوران گہرے سمندر میں لہریں 3 سے 4 میٹر تک بلند ہوسکتی ہیں۔