اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا دھرنا الیکشن اصلاحات کے لیے تھا جب کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا انارکی پھیلانے کے لیے ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا دھرنا الیکشن اصلاحات کے لیے تھا جب کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ کی نوعیت مختلف ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مارچ شدت پسندوں کا ہے، مولانا فضل الرحمان کے مطالبے انارکی اور افرا تفری پھیلانے کے لیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکاء کے لٹھ بردار ہیں اور ان کے پاس اے کے 47 بھی ہیں، حکومت کوشش کرے گی کہ معاملہ پْر امن طریقے سے حل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔فواد چوہدری نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر قیادت کرپشن کے باعث جیل میں ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں ملک میں انتشار رہے تاکہ ان سے توجہ ہٹی رہے۔خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کا گزشتہ روز کراچی سے آغاز ہوا تھا جو مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 31اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔