اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کروانے کے بھارتی مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف ہماری مخلصانہ کاوشوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس ضمن میں مزید مزید اقدامات کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کروانے کے لیے کوشاں تھا تو دوسری جانب وزیراعظم عمران اپنی مخلصانہ کاوشوں سے پاکستان کا حقیقی مثبت
شخص دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اس لمحے قیام پاکستان کی مخالفت کرنے والوں کی اولادیں استحکام پاکستان کی منزل کے حصول میں روڑے اٹکا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔ اگلے چند ماہ نہایت اہم ہیں۔ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ پاک کے حکم سے انشااللہ پاکستان فروری میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے اور دشمن ممالک کی رہی سہی کوششیں بھی دم توڑ جائیں گیں ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایسی صورتحال میں مولانا ملیشیا اور جتھوں کے ساتھ دہشت کی علامت بن کر ملک و قوم کے تشخص اور وقار کو کیوں مجروح کرنا چاہتے ہیں؟ ۔