کراچی(آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کے بارے میں کوئی علم نہیں میں تو اندر بیٹھا ہوں، مجھے کیا پتہ ملک میں کیا چل رہا ہے۔آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں آغا سراج درانی کو کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے کیس کے تمام مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کے شناختی کارڈ بلاک
کرنے کا حکم جاری کیا۔ احتساب عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پرمفرور ملزمان کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں آغا سراج درانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کے بارے میں کوئی علم نہیں میں تو اندر بیٹھا ہوں، مجھے کیا پتہ ملک میں کیا چل رہا ہے، سنا ہے کہ وہ لوگ اسلام آباد جا رہے ہیں، جب جائیں گے تو پتہ چلے گا۔