اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے پیچھے ذاتی عناد اور بغض نظر آرہا ہے، ملک کو چیلنجز درپیش ہیں، دھرنے دینے کا وقت مناسب نہیں ہے، عمران خان حکومت اورپارلیمنٹ دونوں مدت پوری کریں گے،
مائنس عمران خان فارمولا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، منگل کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ کا معاملہ حکومت دیکھے گی حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کئی چیلنجز درپیش ہیں یہ وقت دھرنے کا نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے پیچھے ذاتی عناد اور بغض نظر آ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں تمام جماعتوں کو ایک صف میں کھڑے ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لوگ کرفیو کے باعث کرب میں مبتلا ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان اور پارلیمنٹ دونوں اپنی مدت پوری کریں گے۔ پارلیمنٹ بھی رہے گی اور عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے۔ مائنس عمران خان فارمولا کسی طور پر قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاسم سوری اپنا قانونی حق استعمال کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ ان کے کیس کا جوبھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے۔