اسلام آباد (این این آئی)سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ محمد لطیف کے بیٹے حسن لطیف کودرخواست خارج ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ۔جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست دلائل کے بعد مسترد کردی۔ درخواست خارج ہونے پر حسن لطیف کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا ۔ حسن لطیف نے ایم آر ایف کمپنی کے نام پر سابق چیئرمین ایف بی آر کے بیٹے زرار سے سرمایہ کاری کیلئے پیسے لیئے ۔
سابق چیرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشد کے بیٹے زرار نے حسن لطیف کو 41 لاکھ اور 50 لاکھ کے دو چیکس دیئے ۔وکیل کے مطابق رقم واپس مانگنے پر حسن لطیف کراچی فرار ہو گیا، وکیل کے مطابق حسن لطیف نے بعد میں زرار کو چیکس دیئے، بنک سے پتہ چلا چیکس ڈس آنر ہیں۔حسن لطیف کو اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ سے گرفتار کر لیا۔ملزم پر اسلام آباد کے مقامی تھانہ میں دو ایف آئی آر درج ہیں۔